نئی دہلی،2جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی اگلے سال ہونے والے راجستھان اسمبلی انتخابات کے پہلے اس سال راجستھان کے اسٹوڈنٹ یونین انتخابات میں قسمت آزمائے گی۔پارٹی کے راجستھان مرکزی سپروائزر کمار وشواس نے دہلی میں راجستھان کے کارکنوں کی میٹنگ میں یہ اعلان کیا۔راجستھان میں اگست کے تیسرے ہفتے میں اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات ہونے والے ہیں۔کمار وشواس نے پارٹی کی راجستھان یونٹ اسٹوڈنٹ یونین انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایات دی ہیں۔عام آدمی پارٹی کی اسٹوڈنٹ یونٹ یووا سنگھرش سمیتی راجستھان کے تقریبا 100کالجوں میں اسٹوڈنٹ یونین کی تمام سیٹوں پر انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔
اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات کو راجستھان کے اسمبلی انتخابات کی تیاری کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اسٹوڈنٹ یونین انتخابات میں قسمت آزمانے کے بہانے عام آدمی پارٹی راجستھان میں نوجوانوں کے درمیان اپنی گرفت بناتے ہوئے اپنی نوجوان عوامی حمایت بڑھانا چاہتی ہے،جس کے تحت وشواس نے اپنے کارکنوں کو یہ ہدایت دی ہیں۔
کمار وشواس نے اجلاس میں ہر ضلع کے مبصرین اور کارکنوں کو راجستھان کے تمام کالجوں میں ہیلپ ڈیسک لگانے کو کہا ہے۔اس سے پہلے 2015میں عام آدمی پارٹی نے دہلی یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ یونین کا انتخاب لڑا تھا لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔راجستھان کا چارج دئے جانے کے بعد سے کمار وشواس مسلسل اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور تقریبا ہر ہفتے راجستھان یونٹ کے لیڈران اور کارکنوں سے دہلی میں بات چیت کر رہے ہیں۔
کمار وشواس 25جون کو راجستھان کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔عام آدمی پارٹی کی اسٹوڈنٹ یونٹ راجستھان کے ہر کالج میں 6 اراکین والا پینل انتخابات لڑوانے کے لئے اتارے گی۔وشواس نے راجستھان کی ہر لوک سبھا حلقہ کے مبصرین کو کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کارکنوں کے گھروں پر پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کے ساتھ کارکنوں کی تصویر والے پوسٹر لگائیں۔اگرچہ دہلی میں ہوئی آج کی میٹنگ میں بھی کمار وشواس پارٹی کے لیڈروں پر نشانہ لگانے سے نہیں چکے۔وشواس نے کہا کہ اب کوئی طاقت چاہے راجستھان کی ہو یا دہلی میں ہمیں راجستھان اسمبلی انتخابات جیتنے سے نہیں روک سکتی۔وشواس نے آج کے اجلاس میں راجستھان کے اپنے کارکنوں اور رہنماؤں کے نام ایک پیغام خط بھی جاری کیا ہے۔